کابل (پبلک نیوز) ملا عبد السلام ضعیف نے کہا ہے کہ امریکی افغانوں کو مزید پریشانیوں اور اذیتوں میں نہ ڈالیں، جتنا جلدی ہوسکے امریکی فوج کابل ایئرپورٹ کو خالی کریں .
پاکستان کے لیے سابق طالبان حکومت کے سفیر ملا عبدالسلام ضعیف نے کہا ہے کہ کابل ائیرپورٹ غیر ملکی فوج سے خالی ہوگا تو شہریوں کی آمدورفت معمول پر آئے گی. ملا عبدالسلام ضعیف نے مزید کہا کہ جانے والوں کے ذہن میں قابض قوت کے مظالم میں ساتھی ہونے کی وجہ سے احساس جرم ہے۔
دوسری جانب طالبان نے امریکی واتحادی افواج کے افغانستان سے انخلا کے لئے تاریخ میں توسیع کا مطالبہ مسترد کردیا، سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ 31 اگست تک فوجی واپس نہ بلائے گئے تو سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، انہوں نے کہا طالبان عوامی حمایت سے اقتدار میں آئے، عالمی طاقتوں کی جانب سے پابندیاں افغان عوام کے خلاف اقدام تصور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ افغانستان میں حکومت سازی کی کوششیں بھی جاری ہیں ، طالبان رہنماؤں کے حامد کرزئی اور مزید سیاسی قائدین سے رابطوں میں تیزی آئی ہے ، طالبان نے کہا ہے کہ نئی افغان حکومت کی قیادت مذہبی اسکالر کریں گے. ادھر کابل میں طالبان کے کنٹرول کے بعد بچیوں کے اسکول کھل گئے، ویڈیو میں بڑی تعداد میں برقع پہنی بچیوں کو اسکول جاتے دیکھاجاسکتا ہے، سہیل شاہین نے کہا نئے افغانستان میں اسکول کھل گئے ہیں۔