دوسرے مرحلے کے تحت کراچی میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات ملتوی

12:29 PM, 24 Aug, 2022

احمد علی
کراچی : الیکشن کمیشن نے دوسرے مرحلے کے تحت کراچی میں 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری وضاحتی اعلامیے میں کہا گیا کہ حالیہ سیلاب کی بد ترین تباہ کاریوں، نقصانات، لوگوں کی نقل مکانی، سے متعلق صوبائی الیکشن کمشنر سندھ، ضلعی انتظامیہ کی سفارشات اور موسمیات کی رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع میں 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات صورت حال بہتر ہونے تک پہلے ہی ملتوی کردیے تھے۔ کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا جائزہ لینے کے لئے الیکشن کمیشن کا آج دوبارہ اجلاس طلب کیا گیا، سندھ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف نکات ، مشکلات اور موسمیات کی رپورٹ کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کیا گیا۔ خیال رہے کہ سندھ حکومت نے حالیہ بارشوں کے باعث الیکشن کمیشن سے کراچی حیدرآباد ڈویژنز میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔
مزیدخبریں