اب جو کال دوں گا وہ آخری ہوگی ، عمران خان
02:50 PM, 24 Aug, 2022
ہری پور:سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عوام سے کہتا ہوں جب میں کال دوں گا تو تیار رہنا ہے، اب جو کال دوں گا وہ آخری ہوگی، عوام چاروں طرف سے اسلام آباد کیلئے نکلیں گے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ہری پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلسے میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، خاص طور پر خواتین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، تحریک آزادی میں سب سے زیادہ شرکت نوجوانوں نے شرکت کی تھی، جبکہ خواتین نے گھر گھر جا کر مہم چلائی تھی، اور لوگوں کو جاکر بتایا کہ انگریزوں کے بعد ہندؤں کی غلامی نہیں کرنا چاہتے۔ عمران خان نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ انہوں نے ہمیں آزاد ملک دیا، ہم نے انگریزوں کے بعد ہندؤں کی غلامی نہیں کی، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو حقیقی آزادی دلائی جائے۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے لوگوں کے ساتھ ہوں، خارجہ پالیسی اپنے لوگوں کیلئے ہوتی ہے، پاکستان اور بھارت اکٹھے آزاد ہوئے تھے لیکن آج بھارت کہاں کھڑا ہے اور پاکستان کہاں ہے، بھارتی حکومت نے کبھی اپنے لوگوں کے خلاف پالیسی نہیں بنائی۔ سابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ روس اپنے لوگوں کیلئے سستا پٹرول لینے گیا تھا، ہماری حکومت ختم کردی گئی اور 'امپورٹڈ حکومت' کو لاکر بٹھادیا گیا۔ہم نے چوروں سے پاکستان کو آزاد کرنا ہے تاکہ پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہوں، کسی اور ملک کیلئے اپنے ملک کو قربان نہ کیا جائے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھ پر دہشت گردی کا کیس کردیا گیا، مجھے گرفتاری کیلئے آئے کہ جیسے میں بہت بڑا دہشت گرد ہوں، میں تیار ہوگیا سوچا جیل بھی دیکھ لوں گا، مجھ پر دہشت گردی کا کیس کرنے سے مجھے فرق نہیں پڑا پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے سندھ اور بلوچستان کے علاقے متاثر ہیں، سندھ حکومت سے کہتا ہوں اپنے لوگوں پر رحم کریں، سندھ کے لوگ سیلاب سے شدید متاثر ہیں، سندھ حکومت پیسہ بیرون ملک بھجوانے کے بجائے عوام پر لگائے، سیلاب سے عوام متاثر ہیں اور شہباز شریف قطر پہنچے ہوئے ہیں۔ عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ ہم وہ لوگ ہیں جو چاہتے ہیں ملک استحکام آئے، سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے نئے شفاف انتخابات ضروری ہیں، 'امپورٹڈ حکومت' سے کہتاہوں جلد انتخابات کا اعلان کریں۔ آخر میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عوام سے کہتا ہوں جب میں کال دوں گا تو تیار رہنا ہے، اب جو کال دوں گا وہ آخری ہوگی، عوام چاروں طرف سے اسلام آباد کیلئے نکلیں گے، شہباز شریف کی اسلام آباد میں چھوٹے سے رقبے پر حکومت ہے، جب عوام چاروں طرف سے نکلے گی تو نہ شہباز شریف، نہ فضل الرحمان اور نہ زرداری انہیں روک سکیں گے۔