ویب ڈیسک: امیر بالاج ٹیپوقتل کیس کا مرکزی ملزم احسن شاہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سی آئی اے ملزم احسن شاہ کو برآمدگی اور ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقہ تھانہ شادباغ لے جارہی تھی۔
ملزم احسن شاہ کے بھائی علی رضا اور اس کے نامعلوم ساتھیوں نے چھڑانے کے لیے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ملزم احسن شاہ شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
یاد رہے کہ بالاج ٹیپو کو 18 فروری کو اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا جب وہ لاہور میں چوہنگ کے علاقے میں شادی کی ایک تقریب میں شریک تھے۔
بالاج ٹیپو لاہور کے انڈر ورلڈ کے سابق ڈان ٹیپو ٹرکوں والے کے بیٹے تھے۔ ان کے والد کو بھی سنہ 2010 میں لاہور ایئرپورٹ کی پارکنگ میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔
بالاج شادی کی ایک تقریب میں اپنے گن مینوں کے ہمراہ موجود تھے کہ اس دوران ایک حملہ آور نے ان پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے دو افراد زخمی بھی ہوئے تھے جبکہ بالاج ٹیپو کے گن مین کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا تھا۔