پاک فوج کا دہشتگردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ
12:27 PM, 24 Dec, 2022
پاک فوج اور ریاستی اداروں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے، ریاست پاکستان نے دہشتگردوں کا کوئی مطالبہ نہ ماننے کا فیصلہ کرلیا۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی ) کی جانب سے ایک بار پھر ریاستی رٹ چیلنج کرنے کا ماحول ہے، بنوں آپریشن سے دہشت گردی کی صورتحال پر ڈرامائی اثرات مرتب ہوئے ہیں ، بنوں آپریشن کے بعد سپہ سالار جنرل عاصم منیر کا وزیرستان،ایس ایس جی ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی اہمیت کا حامل ہے۔ بنوں آپریشن میں دہشت گردوں کی بڑی تعداد مارے جانے سے ٹی ٹی پی بھی اپنا بڑا نقصان سمجھ رہی ہے، بنوں آپریشن یرغمال بنائے جانے کی صورتحال کے تاریخ کے کامیاب ترین آپریشنز میں لکھا جائے گا، آپریشن بہترین پیشہ وارانہ طریقے اور انتہائی صبر آزما مراحل میں مکمل کیا گیا، فوج نے پیچیدہ ماحول یا کسی اور فیکٹر کا کوئی پریشر نہیں لیا۔ کامیاب آپریشن کے بعد آرمی چیف کے ایس ایس جی اور وزیرستان کے دورے سے فوج، عوام اور دہشت گردوں، سب کو مضبوط پیغام گیا۔ آرمی چیف نے واضح کیا لڑائی کو دہشت گردوں کے گڑھ تک لے جائیں گے۔ آرمی چیف نے دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو حتمی طور پر توڑنے کا پیغام بھی دے دیا۔ آرمی چیف نے بنوں آپریشن کے ہیرو ایس ایس جی کمانڈوز کو ماتھے کا جھومر قرار دیا۔ آرمی چیف کے عزم سے واضح ہوا بنوں آپریشن دہشت گردی کی جنگ کی آخری لڑائی کا نقطہ آغاز ثابت ہو گا۔