وزیراعظم کا دورہ سری لنکا، مشترکہ اعلامیہ جاری
12:00 PM, 24 Feb, 2021
کولمبو( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان کے دورہ سری لنکا کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ دونوں ممالک کا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات کو وسعت ملے گی، دونوں ممالک نے آئندہ وفود سمیت اعلی سطح کے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط، تعلیمی اور تکنیکی تعاون جائزہ لیا گیا۔ پاکستان نے سری لنکا کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کیلئے 10 اسکالرشپ کا اعلان بھی کیا۔ اعلامیے کے مطابق سری لنکا نے پاکستان کی جانب سے انسانی وسائل کی ترقی اور صلاحیتوں میں اضافے میں تعاون کو سراہا جبکہ دونوں فریقین نے سیاحت کے میدان میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ پاکستان کا کینڈی کی یونیورسٹی پیراڈینیہ میں تہذیب اور ثقافت مراکز کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ اعلامیے کے مطابق اہم دورے میں دونوں ممالک نے سیاحت، تجارت اور ثقافت کو فروغ دینے کیلئے ہوائی رابطے کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کیلئے 24 فروری کو پاک سری لنکا تجارتی اور سرمایہ کاری کانفرنس کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک نے باہمی تجارت کو ایک ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ دورے کے دوران متعدد دیگر ایم او یوز بھی پر دستخط کیے گئے۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے 50 ملین ڈالرز کی دفاعی کریڈیٹ لائن کی سہولت کا بھی اعلان کیا۔ اس کے علاوہ پاکستان اور سری لنکا نے دہشتگردی، سکیورٹی، جرائم اور سمگلنگ کو روکنے کیلئے مضبوط اقدامات پر بھی آمادگی کا اظہار کیا۔ پاکستان سری لنکا میں اسپورٹس کے فروغ کیلئے 52 ملین روپے بھی فراہم کرے گا۔