تعلیمی شعبہ میں تفریق کا خاتمہ یکساں قومی نصاب کے نفاذ سے ہوگا: صدر مملکت

01:43 PM, 24 Feb, 2021

احمد علی
اسلام آباد (پبلک نیوز) تعلیمی شعبہ میں تفریق ختم کرنے کیلئے یکساں قومی نصاب کا نفاذ یقینی بنانا ہوگا۔ طلبہ میں کردار سازی، تنقیدی اور تخلیقی سوچ فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ ملکی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے معیاری اور تحقیق پر مبنی تعلیم دینا ہوگی۔ان خیالات کے اظہار صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوانِ صدر میں یکساں قومی نصاب پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیرِ تعلیم، شفقت محمود، وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری سمیت وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، وزیرِ مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے شرکت کی۔ صدر مملکت کو یکساں قومی نصاب کی تیاری پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یکساں قومی نصاب نجی شعبے، دینی مدارس سمیت تمام وفاقی اکائیوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا گیا۔ یکساں قومی نصاب ملک کی تعلیمی ضروریات کے لئے بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا گیا۔بریفنگ کے دوران کے بتایا گیا کہ یکساں قومی نصاب کو تین مراحل میں ڈیزائن کیا، تعلیم کے تمام شعبوں میں لاگو کیا جائے گا۔ تعلیمی سال 2021-22 کے دوران 1 تا 5 گریڈ کے طلباء کے لئے نیا نصاب متعارف کرایا جائے گا۔ دُوسرے مرحلے میں گریڈ (6-8) اور تیسرے مرحلے میں (9-10) کے لئے نصاب کی تیاری شروع کردی ہے۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ یکساں قومی نصاب قرآن و سنت ، آئین ، قومی پالیسیاں اور قومی معیارات پر مرکوز ہو گا۔ پائیدار ترقی کے اہداف، قائداعظم اور علامہ اقبال کے نظریات اور قومی اقدار پر بھی توجہ مرکوز کی جاۓ گی۔
مزیدخبریں