موٹاپے سمیت مختلف بیماریوں کا شکار افراد حج پر نہیں جاسکیں گے

05:29 AM, 24 Feb, 2023

احمد علی
قاہرہ : مصرکی حکومت نے رواں برس موٹاپے سمیت متعدد بیماریوں کا شکار افراد کو حج پر جانے سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عرب میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ حج کے لیے دی جانیوالی درخواست میں ان بیماریوں سے محفوظ ہونا بھی قرار دیا گیا ہے، حج درخواستیں آئندہ 6 مارچ تک مصر میں جمع کروائی جاسکیں گی ۔ وزارت داخلہ نے رواں سال مناسک حج ادا کرنے کے لئے متعدد گروپوں کے سفر پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ایسے افراد میں انفیکشن کے سب سے زیادہ خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ پابندی میں گردے کے وہ مریض جن کے علاج کیلئے ڈائیلاسز سیشنز کی ضرورت ہوتی ہے ، پھیپھڑوں کے فائبروسس اور موٹاپے کے مریض، امراض قلب کے ایڈوانس کیسز، جگر کی سروسس اور ٹیومر والے افراد شامل ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ پہلے اور آخری مہینوں کی حاملہ خواتین ، ذہنی مریضوں اور الزائمر کے مریضوں کو بھی حج پر جانے سے روک دیا جائے گا ۔ مصری وزارت کی جانب سے یہ شرط بھی عائد کی گئی ہے کہ عاز مین حج حفاظتی ٹیکوں کے بنیادی کورس لازمی لگوائیں جب کہ کورونا وائرس کے خلاف بین الاقوامی طور پر منظور شدہ ویکسین کی بوسٹر خوراک بھی لگی ہونا چاہیے، ویکسی نیشن کے سرٹیفکیٹ کی کاپی فراہم کرنا بھی ضروری قرار دے دیا گیا ہے۔
مزیدخبریں