'چاہتا ہوں الیکشن کے بعد کسی جماعت میں عزت کے ساتھ جاؤں'

12:12 PM, 24 Feb, 2023

احمد علی
راولپنڈی : سابق وزیر داخلہ اور سینئر سیاستدان چوہدری نثار نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں الیکشن کے بعد کسی جماعت میں عزت کے ساتھ جاؤں۔ راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ عمران خان میرا 50 سال سے دوست ہے اور آج بھی دوست ہے، مجھے پی ٹی آئی میں شامل کرنے کیلئے بہت اصرار کیا، عمران نے کسی کو پارٹی میں شامل کرنے کی اتنی کوشش نہیں کی جتنی میرے لیے کی۔ چوہدری نثار نے کہا کہ مجھے عمران خان کہتا تھا کہ یار تم نہیں آتے تو میرا ان لوگوں سے گزارا ہے۔ جو لوگ عمران خان کا جھنڈا لے کر پھرتے ہیں یہ بےنظیر کا نعرہ لگاتے تھے، بعد میں یہ مشرف کے ساتھ ہو گئے اور اب عمران کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تو میں جنرل ضیاء، جونیجو اورغلام اسحاق خان کا بھی تھا لیکن عمران خان نے مجھ سے دوستی نبھائی ہے اور آج بھی نبھا رہا ہے۔ میں چاہتا ہوں الیکشن کے بعد کسی جماعت میں عزت کے ساتھ جاؤں۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عزت عہدوں سے نہیں آتی، بطور ایم این اے ہی خدمت نہیں کی بلکہ بطور کونسلر بھی خدمت کی۔انہوں نے کہا کہ میں میدان میں آچکا ہوں، الیکشن آج ہوں، کل ہوں 2 سال بعد یا 10 سال بعد، میں میدان میں ہوں۔ چوہدری نثار نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ کسی پارٹی میں شامل کیوں نہیں ہوتے؟ میں کہتا ہوں کہ میں اس گالم گلوچ کا حصہ نہیں بننا چاہتا لیکن سچ کا علم بلند کرتا رہوں گا۔ ہم نعرے بہت لگاتے ہیں مگر عمل نہیں کرتے، ملک انتہائی نازک موڑ پر ہے اور ہم ایک دوسرے کے گریبان پکڑ رہے ہیں ۔
مزیدخبریں