مرادعلی شاہ سمیت سندھ اسمبلی کےنومنتخب ممبران نےحلف اُٹھا لیا

10:42 AM, 24 Feb, 2024

ویب ڈیسک: سندھ اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس 40 منٹ کی تاخیر سے سپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت شروع ہوا، جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول پیش کی گئی۔
آغا سراج درانی نے نو منتخب اراکین سندھ اسمبلی سے حلف لیا، حلف لینے والوں میں نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، فریال تالپور، شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ اور دیگر بھی شامل ہیں، اس موقع پر اسمبلی ہال جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔ نو منتخب ارکان سے سندھی، ارود اور انگریزی زبان میں حلف لیا گیا۔

نامزد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سندھ اسمبلی پہنچے مراد علی شاہ نے ارکان سے ان کی نشستوں پر جا کر مصافحہ کیا۔

قبل ازیں سندھ اسمبلی اجلاس میں اسپیکر آغا سراج درانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 16 ویں اسمبلی میں آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں،بلاول بھٹو زرداری نے جو پیشگوئی کی  تھی،وہی ہوا جو انہوں نے کہا تھا۔ادھرفریال تالپور نے گزشتہ اسمبلی میں اہم کردار ادا کیا،ان کو جیل بھی لے جایا گیا، مجھے ان پر  فخر ہے۔

سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے مزید کہا کہ صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر احتجاج کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے۔اسمبلی کی توہین برادشت نہیں کریں گے۔

آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنے والوں سے نمنٹنے کے لیے انتظام کیا ہے، آج حلف برداری ہو گی اور کل اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ مخصوص نشستوں کا کوٹہ ملنے اور چار آزاد امیدواروں کے شامل ہونے کے بعد پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی میں 114 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، ایم کیوایم کو مخصوص نشستیں ملنے کے بعد اس کے ارکان کی تعداد 36 تک پہنچ گئی، ایوان میں جی ڈی اے کی 3 سیٹیں ہیں۔

الیکشن کمیشن نے خواتین کی دو اور اقلیتوں کی ایک مخصوص سیٹ پر نوٹیفکیشن روک لیا، سندھ اسمبلی میں تیسرا بڑا گروپ ان اراکین پر مشتمل ہے جنہوں نے آزاد حیثیت میں کامیابی حاصل کر کے الیکشن کمیشن کو سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کی درخواست دی ہوئی ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی میں قائد ایوان، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے ناموں کا اعلان بھی کر دیا، مراد علی شاہ کو ایک بار پھر وزیر اعلیٰ سندھ نامزد کیا گیا ہے، اویس قادر شاہ سپیکر سندھ اسمبلی کے امیدوار اور اقلیتی رکن نوید انتھونی ڈپٹی سپیکر کے امیدوار ہوں گے۔

مزیدخبریں