عمران خان صرف پاکستانی قوم کی امید نہیں پوری دنیا کی امید ہے، صدام ترین

05:49 PM, 24 Feb, 2024

ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے حمایت یافتہ آزاد امید وار کا کہنا ہے کہ عمران خان صرف پاکستانی قوم کی امید نہیں پوری دنیا کی امید ہے۔

بلوچستان کے ضلع کوہلو اور این اے 253 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار صدام ترین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرے ساتھ میرے حلقے میں نتائج آنے تک دھاندلی کی گئی,5ویں اور چھٹے نمبر کے امیدواروں کو پہلے نمبرز پر لایا گیا,406 پولنگ سٹیشنز میں سے 350 پولنگ سٹیشنز کے فارم 45 میرے پاس موجود ہیں، باقی 46 پولنگ سٹیشنز کو حساس پولنگ سٹیشنز ظاہر کیا گیا، حساس پولنگ سٹیشنز ہونے کے باوجود وہاں ٹرن آؤٹ 90 فیصد تک دکھایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 10 تاریخ تک فارم 47 جاری کیے گئے، 46 پولنگ سٹیشنز سے ایک امیدوار کو 49 ہزار ووٹ ڈال دئیے گئے، ہمارے حلقے سے دو بار فارم 47 جاری کیا گیا، ہم اداروں سے اپیل کرتے ہیں ہم آپ کے ہی نوجوان ہیں، ہمیں حوصلہ دیں لیکن ہمیں دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔ اس ملک میں نوجوان مایوس ہیں آپ ان کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ آپ چاہتے ہیں یہاں ظلم کا بدلہ ووٹ سے نہیں بلکہ کسی اور طریقے سے لینا چاہتے ہیں، اس وقت ملک کا پرچم سرنگوں ہے آپ مانیں یا نہ مانیں۔

صدام تین نے کہا کہ انڈین میڈیا آج ہمارا مذاق اڑا رہا ہے، خدارا بہت ہوگیا اب بس کریں،اگر میں مجرم ہوں تو ایف آئی آر کاٹیں، غیر قانونی طریقے سے جو ہو رہا وہ قابل قبول نہیں، کیا جمہوریت میں ملک کے سب سے بڑے لیڈر پر فائرنگ کی جاتی ہے، اس ملک میں بے نظیر شہید ہوتی ہے قوم کو آج تک قاتل کا پتہ نہیں، 75 سال تک ہم نے غلط فیصلے کیے، حقائق کی بات کرنے والوں کو ڈرایا جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈونلڈلو جیسے عام آدمی نے میرے لیڈر کو ہتک انگیز الفاظ میں بلایا، عمران خان صرف پاکستانی قوم کی امید نہیں پوری دنیا کی امید ہے، فلسطین میں جو ہو رہا وہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے ڈوب کر مرنے کا مقام ہے، جن کو آپ وزیراعظم بنا رہے ہیں ان کو قائد اعظم نے 14 نکات تک یاد نہیں, ہمیں مزید مایوسی کی جانب نہ لیکر جایا جائے, جو گلے شکوے کرتے ہیں ان کو گلے سے لگائیں، دستور کے مطابق ہم آپ کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں، سوئی کے مقام سے گیس نکل رہی ہے لیکن وہاں کی مائیں بہنیں آج بھی گیس سے محروم ہیں۔ ہمیں سب معلوم ہے لیکن ہم پھر بھی چاہتے ہیں کہ اس ملک میں امن ہو۔

مزیدخبریں