سپریم کورٹ: جسٹس عائشہ ملک نے حلف اٹھا لیا
04:42 AM, 24 Jan, 2022
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جسٹس عائشہ ملک نے سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج کا حلف اٹھا کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ 2031 تک عدالت عظمیٰ میں ذمہ داریاں سرانجام دیں گی۔ جسٹس عائشہ پاکستان کی تاریخ میں سپریم کورٹ میں تعینات ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔ جسٹس عائشہ ملک 27 مارچ 2012 کو بطور جج لاہور ہائیکورٹ تعینات ہوئیں اور لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس عائشہ ملک نے تقریبا 10 سال فرائض سر انجام دیے۔ جوڈیشل کمیشن نے چھ جنوری کو جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کرنے کی سفارش کی تھی۔ جوڈیشل کمیشن کی سفارش کے بعد پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقرری نے ان کی تعیناتی کی حتمی منظوری دی تھی۔ جسٹس عائشہ ملک کی تقریب حلف برداری سپریم کورٹ میں ہوئی۔ چیف جسٹس جسٹس گلزار احمد نے جسٹس عائشہ ملک سے بطور سپریم کورٹ جج حلف لیا۔