طیارے مکہ مکرمہ کے اوپر سے کیوں نہیں گزرتے؟
07:07 AM, 24 Jan, 2022
ریاض: (ویب ڈیسک) کہا جاتا ہے کہ مکہ مکرمہ میں ایک خصوصی مقناطیسیت ہے، جس کے سبب طیارے وہاں سے نہیں گزر سکتے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اب سعودی ہوا باز عبداللہ بن صالح الغامدی نے اس حوالے سے جاری ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں بتایا ہے کہ خادم حرمین شریفین کی جانب سے مکہ مکرمہ کو نو فلائی زون قرار دینے کا مقصد غیر مسلموں کو اس مقدس سرزمین کی فضاؤں سے گزرنے کا موقع نہ دینا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں عبداللہ بن صالح الغامدی نے مکہ مکرمہ کی فضاؤں میں طیاروں کے نہ گزرنے کے حوالے سے غیر حقیقی دعوؤں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ الغامدی کی اس وڈیو کے جاری ہونے کے چند گھنٹوں کے اندر اس کو دیکھنے والوں کی تعداد لاکھوں سے تجاوز کر چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے بے بنیاد اور من گھڑت تصورات کو ختم کرنے کے لئے انہیں یہ ویڈیو بنانا پڑی۔ الغامدی نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ مکہ مکرمہ کی فضائوں سے طیارے نہ گزرنے کی دوسری بڑی وجہ پہاڑی علاقہ ہونا ہے۔ اس کے اوپر سے طیاروں کے گزرنے سے تنگی اور شور پیدا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر طیارے مکہ مکرمہ کے اوپر سے گزریں تو طواف اور عبادت کرنیوالوں کی توجہ اور یکسوئی کو متاثر ہو سکتی ہے۔ اس مقدس مقام پر تمام لوگوں کو سکون اور خاموشی کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ پورے اطمینان کے ساتھ عبادات سرانجام دے سکیں۔