وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ کا تمام ریکارڈ پبلک کرنے کی منظوری دیدی
10:57 AM, 24 Jan, 2023
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ کا تمام ریکارڈ پبلک کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔کابینہ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ کا تمام ریکارڈ پبلک کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ کون سے حکمران نے کتنے تحائف لیے اور کتنی رقم ادا کی سب پبلک ہوگا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں توشہ خانہ سے متعلق وزارتی کمیٹی کی سفارشات منظور کرلی گئی ہیں۔ اس حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم عوام سے کوئی چیز نہیں چھپائیں گے ہر معاملے میں شفافیت کو یقینی بنائیں گے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے عدالت کو توشہ خانہ کےتحائف کی تفصیل دینےسےانکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بین الاقوامی تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔ کابینہ ڈویژن نے عدالت میں جواب جمع کرایا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ دوہزارپندرہ میں توشہ خانہ کی تفصیلات کوخفیہ رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، انفارمیشن کو آرڈیننس دوہزاردو کے سیکشن پندرہ کے تحت تحفظ حاصل ہے، اس لیے درخواست مسترد کی جائے۔ اس پر جسٹس عاصم حفیظ نے کہا تھا کہ توشہ خانہ کے ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ کا بیان حلفی دیں کہ کیسے یہ تحائف خفیہ ہیں؟ عدالت مطمئن ہوئی کہ واقعی یہ تحائف خفیہ ہونے چاہئیں تو پبلک کرنے کا حکم نہیں دے گی۔