ویب ڈیسک: ہالی ووڈ کے سب سے بڑے ایوارڈز ' آسکرز' کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ نیٹ فلکس کی ہسپانوی زبان کی فلم 'امیلیا پیرز' 13 نامزدگیوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔
تفصیلات کے مطابق دی اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز نے لاس اینجلس میں آتشزدگی کے سبب آسکرز کی نامزدگیوں کا اعلان دو بار منسوخ کیا تھا۔
جمعرات کو آسکرز کے لیے نامزد ہونے والے فلموں کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔ سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے والی فلم 'امیلیا پیرز' کی کہانی ایک میکسیکن منشیات فروش کے گرد گھومتی ہے جو جنس کی تبدیلی کے بعد ایک خاتون کے طور پر نئی زندگی کا آغاز کرتی ہے۔
سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے والی فلموں میں دوسرا اور تیسرا نمبر 'دی بروٹلسٹ' اور 'وکڈ' کا ہے۔ دونوں ہی فلموں نے مختلف کیٹیگریز میں 10، 10 نامزدگیاں حاصل کی ہیں۔
آسکرز 2025 کے لیے تینوں ہی فلمیں 'بہترین فلم' کے ایوارڈ کی ریس میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاس اینجلس آگ کے باوجود آسکر ایوارڈ مقررہ تاریخ کو ہونگے، اہم تبدیلیوں کی بھی منظوری
’آسکر 2025‘ کے لیے نامزدگی حاصل کرنے والی فلموں میں ’انوجا‘ بھی شامل ہے جس کی شوٹنگ ہندوستان کی راجدھانی دہلی میں ہوئی ہے۔ یہ ایک شارٹ فلم ہے جس نے فلم ناقدین کی خوب تعریفیں بٹوری ہیں۔ فلم ’انوجا‘ نے 97ویں اکادمی ایوارڈز میں ’لائیو ایکشن شارٹ کیٹگری‘ میں نامزدگی حاصل کی ہے۔ اس کا مقابلہ ’اے لین‘، ’آئی ایم ناٹ اے روبوٹ‘، ’دی لاسٹ رینجر‘ اور ’دی مین ہو کُڈ ناٹ ریمین سائلنٹ‘ سے ہے۔
بہترین فلم کے ایوارڈ کے لیے انورا، آ کمپلیٹ ان نون، کونکلیو، ڈیون: پارٹ ٹو، آئی ایم اسٹل ہیئر، نکل بوائز اور دی سبسٹینس بھی مقابلے کی دوڑ میں ہیں۔
آسکرز سے قبل گولڈن گلوبز میں 'دی بروٹلسٹ' کو بہترین فلم جب کہ 'امیلیا پیرز' کو بہترین فلم (میوزیکل/ کامیڈی) کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے 'امیلیا پیرز' کی اسٹار کارلا سوفیا کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ کارلا وہ پہلی ٹرانس جینڈر ہیں جنہیں آسکرز میں بہترین اداکارہ کی کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
بہترین اداکارہ کے لیے کارلا سوفیا کے ساتھ سنتھیا اریوو، مائیکی میڈیسن، ڈیمی مور اور فرنینڈا ٹورس مدِ مقابل ہیں۔
بہترین اداکار کی کیٹیگری میں اداکار ایڈریئن بروڈی، ٹمیتھی شیلیمے، کولمین ڈومنگو، رالف فائنز اور سیبیسٹین اسٹین مدِ مقابل ہیں۔'دی بروٹلسٹ' کے ایڈریئن بروڈی گولڈن گلوبز میں بہترین اداکار کا ایوارڈ پہلے ہی اپنے نام کر چکے ہیں۔
بہترین ہدایت کاری کی آسکرکیٹیگری میں فلم انورا، دی بروٹلسٹ، آ کملیٹ ان نون، امیلیا پیرز اور دی سبسٹنس کے ہدایت کاروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔
آسکرز 2025 کی تقریب دو مارچ کو لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں منعقد ہو گی