ریفرنڈم سے متعلق وزیراعظم کے بیان پر شہباز شریف کا ردعمل

09:34 AM, 24 Jul, 2021

حسان عبداللہ
لاہور(پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کشمیرپر ریفرنڈم کرانے کاوزیراعظم عمران خان کا بیان مسترد کردیا. سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغٍام میں انہوں نے کہا کہ عمران نیازی آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کر کے پاکستان کے تاریخی اور آئینی موقف سے انحراف کر رہے ہیں، تنازعہ جموں وکشمیر پر پاکستان کے تاریخی موقف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ہٹ کر کوئی موقف پوری قوم مسترد کرتی ہے . انکا کہنا تھا کہ عمران نیازی کے بیان سے وہ خدشات ثابت ہوگئے ہیں جو 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات سے قوم کے سامنے پہلے ہی آچکے ہیں . تنازعہ جموں وکشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی نگرانی میںشفاف، آزادانہ استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق سے ہوگا، پاکستان اور کشمیر کے عوام کا یہی موقف ہے. کشمیریوں کی مرضی اور مشاورت کے بغیر کوئی حل ان پر ٹھونسنا بھارت کی مدد کرنا اور کشمیر کاز سے غداری کے مترادف ہے واضح رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کو ریفرنڈم کے ذریعے فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے گا ، کشمیر ی عوام نے قربانیاں دی ہیں انکے مستقبل کا فیصلہ بھی وہ خود کریں گے.
مزیدخبریں