سینیٹ نے توہین پارلیمنٹ بل متفقہ طور پر منظورکرلیا

07:52 PM, 24 Jul, 2023

احمد علی
اسلام آباد: سینیٹ نے توہین پارلیمنٹ بل متفقہ طور پر منظور کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق توہین پارلیمنٹ بل سینیٹر کہدہ بابر نے پیش کیا،بل کے مطابق پارلیمنٹ،کمیٹی اور رکن پارلیمنٹ کا استحقاق مجروح کرنے پر سزا اور جرمانہ ہوگا۔ این ایف سی ادارہ انجینرینگ ٹیکنالوجی ملتان ترمیمی بل سینیٹ نے منظور کر لیا، بل وفاقی وزیر رانا تنویر نے پیش کیا۔اس کے علاوہ پاکستان انسٹیویٹ آف مینجمنٹ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی بل بھی سینیٹ سے منظور کرلیا گیا ہے، بل رانا مقبول نے پیش کیا۔ یاد رہے کہ 16 مئی 2023 کو قومی اسمبلی نے توہین پارلیمنٹ بل 2023 کثرت رائے سے منظور کیا تھا۔ قومی اسمبلی اجلاس میں رانا قاسم نون نے توہین پارلیمنٹ بل 2023 منظوری کے لیے پیش کیا تھا۔بل کی تمام شقوں کی ایوان سے منظوری لی گئی۔بل میں وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے ترمیم پیش کی جسے بل میں شامل کر لیا گیا، بعد ازاں قومی اسمبلی نے بل کی منظوری دے دی۔ واضح رہے کہ توہین پارلیمنٹ بل قائمہ کمیٹی سے مسودے کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا۔ بل 9 مئی کو پارلیمنٹ میں متعارف کروایا گیا تھا جسے اسپیکر نے بل قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کو مزید غور کے لیے بھیج دیا تھا، بعد ازاں 15 مئی کو قائمہ کمیٹی نے توہین پارلیمنٹ بل 2023 کی منظوری دے دی تھی۔
مزیدخبریں