ملک بھر میں بارشیں ہی بارشیں،محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنادی

10:20 AM, 24 Jul, 2024

ویب ڈیسک:  صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں نے رنگ جما دیا جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں کل سے شروع ہونے والے بارشوں کے سپیل کا سلسلہ آج بھی جاری ہے، صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں علی الصبح بوندا باندی ہوئی جس کے باعث موسم میں خوشگوار تبدیلی آگئی۔

لاہور کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں گگومنڈی، عارف والا، بہاولنگر، حجرہ شاہ مقیم اور رینالہ خورد سمیت گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سپیل 25 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق لاہور کا موسم آج بھی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ حبس اور گرمی کی شدت بھی موجود رہے گی، دن کے مختلف اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ رات گئے کہیں کہیں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی تک جا سکتا ہے، گزشتہ روز کے مقابلے آج ہوا کم رفتار سے چلے گی جبکہ آئندہ چند روز بھی موسم ابر آلود رہنے اور وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خطہ پوٹھوہار، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، بلوچستان اور سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، اس دوران شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج موسلا دھار بارش سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، مالاکنڈ، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کرم، اورکزئی، خیبر، مہمند، نوشہرہ، صوابی،کشمیر، ڈ یرہ غا زی خان، موسیٰ خیل بارکھان، کو ہلو اور لورالائی کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

اس کے علاوہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے جبکہ شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا بھی خطرہ ہے۔

اسلام آباد اور گر دو نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔

راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، خوشاب، بھکر، میانوالی، لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال، پاکپتن، وہاڑی، خانیوال، ملتان، قصور، اوکاڑہ، بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، راولپنڈی، چکوال، جہلم، حافظ آباد، فیصل آباد اور سرگودھا میں موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔

دیر،چترال، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، نوشہرہ، صوابی، ہری پور، خیبر، پشاور، کرم، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، بنوں، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بالاکوٹ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، مالاکنڈ، دیر، مہمند، خیبر، اورکزئی، باجوڑ، بونیر اورکرم میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہے گا تاہم ژوب، موسیٰ خیل سبی، بارکھان،کو ہلو، لورا لائی، زیارت، کوئٹہ اور خضدار میں چند مقامات پرتیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہے گا تاہم شام/رات میں عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپور خاص، مٹھی، سانگھڑ، کراچی، ٹھٹھہ اوربدین میں چند مقامات پرتیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔

مزیدخبریں