’نہیں پتہ، میرے اکاؤنٹس میں پیسے کون جمع کراتا رہا‘
02:10 PM, 24 Jun, 2021
لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی ایف آئی اے میں پیشی کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی ایف آئی اے میں پیشی کے دوران ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم نے 45منٹ تک تحقیقات کیں۔ حمزہ شہباز نے ایف آئی اے کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کی رپورٹ جمع کروا دی۔ جعلی اکاؤنٹ کے حوالے سے تفتیشی ٹیم کے سوال پر حمزہ شہباز نے کہا کہ رپورٹ میں جواب موجود ہے۔ تفتیشی ٹیم نے پوچھا آپ رمضان شوگر ملز کے سی ای او رہے ان کے اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ ہوئی۔ وہ اکاؤنٹ آپ کے آفس بوائے اور چپٹراسی آپریٹ کرتے رہے ہیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ اس حوالے سے پہلے بھی سوالات ہوئے، یہ علم میں نہیں۔ نیب بھی اس حوالے سے تحقیقات کر چکا ہے یہ جھوٹ ہے ہم نے ملک وقوم کی خدمت کی ہے۔ ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں اس لئے آپ کے بلانے پر آیا ہوں ہم پر یہ صرف الزامات ہیں۔ جو بھی سوالات تھے اس کے جوابات آپ کو دے دیئے ہیں۔