ججز کا پریشر لینے سے انکار،قیدی نمبر 804 جلدسرخرو ہوگا، زرتاج گل

12:29 PM, 24 Jun, 2024

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ججز نے پریشر لینے سے انکار کردیا ہے۔ بہت جلد انصاف پر مبنی فیصلے آئیں گے اور جیل میں بیٹھا قیدی نمبر 804 سرخرو ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے فیصل آباد میں عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی طرح اگر اس کورٹ کی سماعت دیکھتے تو آپ کو ہنسی آتی۔ جج صاحبان نے پریشر لینے سے انکار کر دیا ہے، انصاف پر مبنی فیصلے آنا شروع ہو جائیں گے۔ 

زرتاج گل کا کہنا تھا کہ جج صاحب نے بار بار جے آئی ٹی سے کہا کہ کوئی ایک شہادت پیش کر دیں لیکن وہ نہ کر سکے۔ ان کے پاس نہ کوئی آڈیو ہے، نہ ویڈیو ہے اور نہ کوئی شہادت ہے۔ ہمارے خلاف جھوٹے بے بنیاد مقدمات تھے۔ 

زرتاج گل نے مزید کہا کہ ہماری پارٹی اور لیڈرشپ کو ختم کرنے کیلئے 9 مئی کا جو غبارہ اٹھایا گیا تھا وہ آج اپنے منطقی انجام کو پہنچا۔ نہ ہماری پارٹی ختم ہوئی نہ ہمارے لیڈر گھبرائے۔ 

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جیل کے اندر بیٹھا قیدی نمبر 804 بھی اسی طرح سرخرو ہو گا اور تمام کیسز ختم ہوں گے۔

مزیدخبریں