ڈیرہ بگٹی: نایاب نسل کا تیندوا اہل علاقہ نے مارڈالا، مقدمہ درج

12:45 PM, 24 Jun, 2024

ویب ڈیسک: بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں نایاب نسل کے تیندوے کو اہل علاقہ  نے مار ڈالا۔

سوئی کے پہاڑی علاقے میں چرواہوں کو ایک نایاب نسل کا   تیندوا نظرآیا تھا۔ جس کی اطلاع انہوں نے اہل علاقہ کو دی۔ جس کے بعد چند مسلح افراد نے تیندوا کا پہاڑی علاقے میں پیچھا کیا اور اس کے غار تک پہنچ گئے۔

محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ چرواہوں کا کہنا ہے کہ کچھ عرصے سے سوئی کے نواحی علاقے میں تیندوا نظر آرہا تھا اور ان کی بھیڑ بکریوں کو بھی نقصان پہنچا جارہا تھا۔ 

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی کے مطابق انتظامیہ کو اس واقعے کی اطلاع سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد ہی ملی جس کے بعد مقامی لوگوں کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ سات ملزمان کی شناخت کر کے ان کے خلاف بلوچستان وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

سیکریٹری جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان دوستین جمالدینی کے مطابق واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر کوئٹہ سے خصوصی ٹیم بھیجی جا رہی ہے تاکہ مکمل تحقیقات کی جا سکیں۔

دوسری جانب نایاب نسل کے جانور کی ہلاکت پر مقامی افراد افسردہ ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

مزیدخبریں