’’فضل الرحمان کی حالت پر ترس آتا ہے‘‘
09:58 AM, 24 Mar, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ یہ اپوزیشن عمران خان کیلئے اللہ کی طرف سے بہتری کیلئے ہے ٗ جو وزیر اعظم کیلئے راستے بناتی ہے ٗ ایسی باتیں سننے کو مل رہی ہیں کہ لاہور کا خاندان سلیکٹڈ ہے یا لاڑکانے کا ؟ لیڈر آف اپوزیشن پیپلز پارٹی سے ہو گا یا (ن) لیگ سے ہو گا ؟پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیدنے کہا کہ مجھے تو فضل الرحمن صاحب کی حالت پر ترس آتا ہے ٗ ہاتھ آسمان میں لگاتے ہیں اور کبھی پائوں زمین پر ٗ ان کی سیاست خلا میں لٹک رہی ہے ٗ میں لاہور کی عوام سے کہنا چاہتا ہوں کہ کورونا پھیل رہا ہے احتیاط کریں۔ یہ اپنے ہی گھر میں پاور آف شو کر رہے ہیں۔ دنیا کی سیاست میں ایسا کبھی نہیں سنا کہ عدالتوں پر یلغار کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پچھلی دفعہ بھی میڈیا نے ڈالوں میں پتھروں سے بھرے ہوئے توڑے دکھائے تھے ٗ پنجاب کا امن و امان ان کا مسئلہ ہے ٗ انہوں نے ہم نے رینجرز کی درخواست کی ٗ ہم نے آج وہ منظوری دے دی ہے ٗ جو اصلی سیاستدان ہوتا ہے وہ عوام کی حفاظت کرتا ہے ٗ عوام کے پیچھے چھپتا نہیں۔ عوام کیلئے چھاتی تانتا ہے ٗ باہر سے بیٹھ کر احتجاج کی کال دینے کیلئے امام خمینی ہونا ضروری ہے ٗ وہ آپ نہیں ہیں ٗ نہ آپ مائوزے تنگ ہیں ٗ نہ کارل مارکس ہیں ۔شیخ رشید نے کہا کہ آپ اس ساری قوم کو بے وقوف بنا کر باہر آگے ٗ بڑے سیاستدان کا ظرف بڑا ہوتا ہے ٗ وہ ملک میں جیتا ہے ٗ ملک میں مرتا ہے۔26مارچ کو یہ اپنے ہی اکھاڑے میں دنگل کرنے جا رہے ہیں ٗ قوم یاد رکھے کہ لاہور ٗ اسلام آباد اور راولپنڈی ریڈ الرٹ بھی ہے ٗ کیونکہ غریب کی جان بھی اتنی ہی قیمتی ہے جتنی پرویز رشید کی ہے۔یہ اپنی شو آف پاور عوام کو نہیں پیپلز پارٹی کو دکھانا چاہ رہے ہیں۔