عمران خان کو عثمان بزدار چھوڑ کر جا رہے ہیں: راجا ریاض کا دعویٰ

03:19 AM, 24 Mar, 2022

احمد علی
لاہور: (ویب ڈیسک) حکمران جماعت تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی راجا ریاض نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور دو وفاقی وزرا چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ یہ دعویٰ انہوں نے ایک نجی ٹیلی وژن کے پروگرام میں گفتگو کے دوران کیا۔ راجا ریاض کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ارکان کی تعداد 200 تک پہنچ جائے گی۔ عمران خان اور عثمان بزدار کو اس وقت این آر او کی ضرورت ہے۔ عثمان بزدار تو عمران خان کو چھوڑ کر بھاگنے والے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف حکومت کے دو وزیر ہمارے ساتھ آنا چاہتے ہیں لیکن ان کیلئے گنجائش نہیں بن رہی۔ اگر گنجائش بن گئی یا ہم میں کچھ لوگ راضی ہو گئے تو شاید وہ آ جائیں۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ ہمارے پاس ارکان کی تعداد 27 ہو چکی ہے۔ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کے پاس بھی 2 سے 3 جبکہ سنا ہے مسلم لیگ ق کے پاس بھی 3 سے 4 منحرف اراکین اسمبلی موجود ہیں۔ راجا ریاض کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے پاس اب کوئی کارڈ نہیں رہ گیا۔ تحریک کے گیارہ لوگ اور دو وفاقی وزیر ہمارے ساتھ مل جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ عثمان بزدار بھی چھوڑ کر جار ہے ہیں۔ وہ دیگر سیاسی جماعتوں سے ٹکٹ کیلئے رابطے کر رہے ہیں اور کہیں مقابلے میں امیدوار کھڑا نہ کرنے کا کہہ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں قرآن پاک کی قسم اٹھا کر کہتا ہوں کہ میں نے ایک روپیہ رشوت نہیں لی۔ اگر عمران خان میڈیا پر آ کر قرآن پاک اٹھا کر کہہ دیں تو میں انہیں معاف کر دوں گا۔
مزیدخبریں