روسی صدر کا قدرتی گیس کی قیمت روسی کرنسی میں لینے کا اعلان
06:34 AM, 24 Mar, 2022
ماسکو: روس کے صدر پیوٹن نے ' غیردوست ممالک' سے قدرتی گیس کی قیمت روسی کرنسی روبل میں لینےکا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ' غیردوست ممالک' کو پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت روبل میں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کوئی وجہ نہیں کہ امریکا اور یورپ کو اشیا دیں اور قیمت ڈالر یا یورو میں لیں۔ روسی صدر کا کہنا تھا کہ روس یقیناً حجم اور قیمتوں پر طے شدہ معاہدوں کے مطابق گیس کی فراہمی جاری رکھے گا۔ تبدیلیاں صرف ادائیگی کے لیے کرنسی میں کی جا رہی ہیں یعنی اب ادائیگیاں روسی روبلز میں کی جائیں گی۔ دوسری جانب اٹلی نے کہا ہے کہ روسی صدر کی جانب سے یورو کے بجائے روبل میں ادائیگی کا مطالبہ پابندیوں سے بچنے کی کوشش ہے۔ روس سے گیس کی خرید روبل میں کرنے کا تاحال فیصلہ نہیں کیا، روس سے گیس کی خرید یورو ہی میں کی جانی چاہیے۔ واضح رہے کہ روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد امریکا اور برطانیہ سمیت کئی یورپی ممالک روس پر معاشی پابندیوں کا اعلان کر چکے ہیں۔