عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

07:47 AM, 24 Mar, 2022

احمد علی
لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ قیمتیں 121 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کرگئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کو پھر پر لگ گئے، قیمتیں 121 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کرگئی ہیں۔ خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات میں سے ایک وجہ روس یوکرین جنگ بھی ہے۔ رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 6 ڈالر 12 سینٹ کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 121 اعشاریہ 60 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 5 ڈالر 66 سینٹ مہنگا ہونے کے بعد 114.93 ڈالر پر عالمی منڈی میں فروخت ہورہا ہے۔ انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے جس کا اثر براہ راست غریب اور متوسط طبقے پر پڑے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چین کی معیشت میں ممکنہ سست روی کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں دس فیصد سے زائد کمی آئی تھی جس کے بعد خام تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے گر گئی تھی۔
مزیدخبریں