شان شاہد کا اپنی والدہ کو ستارہ امتیاز ملنے پر خوشی کا اظہار
08:47 AM, 24 Mar, 2022
لاہور: معروف اداکار شان شاہد نے اپنی مرحومہ والدہ اداکارہ نیلو کو ستارہ امتیاز ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہےانہوں نے کہا ہے کہ والدہ کو ستارہ امتیاز ملنا ہمارے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔ گزشتہ روز یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر پاکستان کی جانب سے پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور شان شاہد کی والدہ اداکارہ عابدہ شاہد المعروف نیلو کو بعد از وفات اداکاری کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے پر ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ایوارڈ شان شاہد نے فیملی کے ہمراہ اپنی مرحومہ والدہ کا اعزاز وصول کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں پاکستان کے سپراسٹار شان شاہد نے کہا کہ ’’میری والدہ کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا، ہم سب کے لیے ایک قابل فخر لمحہ، کاش میں انہیں یہ پہنے ہوئے دیکھ سکتا۔ خدا میری والدہ کو خوش رکھے۔‘‘ خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر کی معروف شخصیات کو اپنے متعلقہ شعبوں میں بہترین خدمات انجام دینے پر صدارتی سول اعزاز سے نوازا گیا ہے۔