عظمیٰ بخاری کا عثمان بزدار کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان

10:19 AM, 24 Mar, 2022

احمد علی

مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری وزیراعلیٰ ہاﺅس کا ریکارڈ غائب کرنے پر عثمان بزدار پر برہم، عظمیٰ بخاری نے عثمان بزدار کےخلاف وزیراعلیٰ ہاﺅس کا سامان چوری کرانے کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان کردیا.

ایک بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بزدار صاحب یہ کسی کے باپ کا مال نہیں سرکاری ریکارڈ ہے، بزدار صاحب آپ بھی سنا ہے دوسری جماعتوں میں شامل ہونے کی درخواستیں کر رہے ہیں،آپ نے تو عمران خان کے ساتھ کھڑے نہیں ہونا تھا؟ اگر آپ معصوم ہیں تو لیب ٹاپ،کیمروں کی فوٹیج ڈیلیٹ کیوں کی؟

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ ہاﺅس کا ریکارڈ پنجاب کے عوام کی امانت ہے، عثمان بزدار نے 6 ٹرکوں میں سامان نامعلوم مقام پر شفٹ کرایا وہ فورا وزیراعلیٰ ہاﺅس واپس لائیں، عثمان بزدار ساڑھے تین سال پنجاب کے خزانے پر سیر سپاٹے کرتے رہے ہیں، جس شخص کے پاس سائیکل نہیں تھی وہ آج ارب پتہ بن گیا ہے، بزدار صاحب ابھی تک آپ نے ملتان میں کروڑوں روپے کے خریدے گھر اور بہت ساری بےنامی جائیدادوں کا حساب بھی دینا ہے.

ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار نے سالانہ گوشواروں میں 42ہزار ٹیکس ظاہر کیا لیکن اربوں کی پراپرٹی کے مالک کیسے بن گئے؟ سب چوروں کا الگ الگ حساب دینا ہوگا بھاگنے کی کوشش نہیں کرنے دیں گے.

مزیدخبریں