پبلک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سربراہی کا فیصلہ واپس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی تشکیل نو کردی۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ای سی سی کے چیئرمین مقرر کردیے گئے۔اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
ای سی سی ارکان میں تجارت، پاور اور پیٹرولیم کے وزرا شامل ہیں۔اقتصادی امور اور منصوبہ بندی کے وزرا بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
اس سے قبل ای سی سی کے چیئرمین وزیراعظم شہبازشریف تھے۔
واضح رہے کہ 22 مارچ کو وزیراعظم شہباز شریف نے اقتصادی رابطہ کمیٹی سمیت 6 اہم کابینہ کمیٹیاں تشکیل دی تھیں۔
وزیراعظم کی سربراہی میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی 7 ارکان پر مشتمل تھی، ای سی سی کے ارکان میں خزانہ، تجارت، پاور، صنعت و پیداوار اور نجکاری کے وفاقی وزراء کو شامل کیا گیا تھا۔