11 اضلاع میں 5 روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز کل سےہو گا

02:16 PM, 24 Mar, 2024

ویب ٖڈیسک: بلوچستان کے 11 اضلاع میں 5 روزہ خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کل سے ہو گا۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے مطابق انسدادِ پولیو کی یہ خصوصی مہم بلوچستان کے جن اضلاع  میں شروع ہو گی ان میں چمن، ڈیرہ بگٹی، حب، لسبیلہ، نصیر آباد، سبی، جعفر آباد، کیچ، خضدار، اوستہ محمد اور صحبت پور شامل ہیں۔

کوآرڈینٹر سید زاہد شاہ نے بتایا ہے کہ مہم کے دوران 8 لاکھ 89 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے اور پولیو مہم میں 3 ہزار سے زائد ٹیمیں حصّہ لیں گی۔

اُنہوں نے بتایا کہ ڈھائی سال بعد 2023ء کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع کے ماحول میں پولیو وائرس کی دوبارہ موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی۔

کوآرڈینٹر سید زاہد شاہ نے بتایا ہے کہ پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، پولیو مہم انتہائی اہم ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور بچوں کو اس سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اُنہوں نے بتایا کہ پولیو مہم میں حصّہ لینے والی تمام ٹیموں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

 کوآرڈینٹر سید زاہد شاہ نے کہا کہ ہم نے عزم کر رکھا ہے کہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک صوبے سے پولیو کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان نے تمام والدین سے یہ گزارش کی ہے کہ پولیو ویکسین کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس ضرور مکمل کروائیں تاکہ اُنہیں پولیو سمیت خسرہ، نمونیہ اور دیگر خطرناک بیماریوں سے بچایا جا سکے۔

یاد رہے کہ بلوچستان میں 3 سال کے بعد 2 پولیوکے کیسز چمن اور ڈیرہ بگٹی سے رپورٹ ہوئے تھے۔

مزیدخبریں