جرمن مصنفہ جینی ایرپن بیک نے انٹرنیشنل بکر پرائز جیت لیا

10:48 AM, 24 May, 2024

 ویب ڈیسک : جرمن مصنفہ جینی ایرپن بیک اور ان کی کتاب ' کیروس' کے مترجم مائیکل ہوفمین نے فکشن کے زمرے میں مشترکہ طور پر رواں برس کا انٹرنیشنل بکر پرائز جیتا ہے۔

اس معروف برطانوی ایوارڈ کے لیے اس برس دنیا بھر سے مقابلے میں شامل  149 کتابیں پیش نظر تھیں، جس میں جینی کی کتاب ' کیروس' کو منتخب کیا گیا۔

جینی کا ناول ' کیروس' ایک 19 سالہ طالبہ اور 50 کی دہائی کے ایک شادی شدہ شخص کے درمیان ہونے والی تباہ کن محبت کی کہانی پر مبنی ہے، جن کی ملاقات سن 1986 کے آس پاس مشرقی برلن میں ایک بس میں ہوتی ہے۔

ان دونوں کرداروں کا تعلق جرمن ڈیموکریٹک ریپبلک کی ''بکھری ہوئی آئیڈیلزم'' اور بالآخر ''پورے سیاسی نظام کی تحلیل'' سے مربوط ہے۔

انگریزی زبان میں افسانوی زمرے کے لیے بکر پرائز موسم خزاں میں دیا جائے گا اور مصنفہ جینی اور کتاب کے مترجم ہوفمین کے درمیان پچاس ہزار برطانوی پونڈ کی انعامی رقم نصف نصف تقسیم ہو گی۔

انعام کا انتخاب کرنے والے پانچ رکنی پینل کی سربراہ کینیڈین براڈکاسٹر ایلینور واشٹیل نے اس ناول کو ''ایک اذیت ناک محبت کی بھرپور ساخت اور ذاتی نیز قومی تبدیلیوں کے الجھاؤ'' پر مبنی قرار دیا۔

مزیدخبریں