ویب ڈیسک: آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کی آمد آمد ہے اور دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کی نظریں 9 جون کو ہونے والے پاکستان اورانڈیا کے میچ پر جمی ہوئی ہیں۔
جہاں پاکستان اور انڈیا کے میچ کے حوالے سے ابھی سے جوش و خروش جاری ہے وہیں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے بانی اور سابق کمشنر للت مودی نے انٹرنیشل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) پر اس میچ کے ٹکٹ 20 ہزار ڈالر فی سیٹ تک فروخت کرنے کا الزام لگایا ہے۔
للت مودی نے آئی سی سی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے بدمعاشوں کی کونسل بھی قرار دیا۔
للت مودی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’یہ بات جان کر جھٹکا لگا کہ پاکستان اور انڈیا کے ورلڈ کپ میچ کے لیے آئی سی سی ڈائمنڈ کلب کے ٹکٹ فی سیٹ 20 ہزار ڈالر تک فروخت کر رہی ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’امریکہ میں یہ ورلڈ کپ کھیل کے فروغ اور شائقین کو اپنی جانب کھینچنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے نہ کہ ٹکٹوں کے پیسوں سے منافع کمانے کے لیے۔‘
انہوں نے آئی سی سی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ’بدمعاشوں کی انٹرنیشنل کونسل۔‘
خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کا آغاز دو جون سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں میزبان امریکہ کا مقابلہ ڈیلاس میں کینیڈا سے ہوگا۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہائی وولٹیج میچ 9 جون کو نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔