(ویب ڈیسک ) حکومت کی جانب سے آئندہ بجٹ میں موبائل فونز پر نئے ٹیکس لگانے کا امکان ہے۔
نجی ویب سائٹ پرو پاکستانی کے مطابق پاکستان موبائل فون مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی ایم پی ایم اے) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرے اور موبائل فونز کے ٹیرف اسٹریکچرز میں اضافہ کرنے سے گریز کرے۔
ایف بی آر کے ساتھ ایک حالیہ ملاقات میں، پی ایم پی ایم اے کے وفد نے خدشات کا اظہار کیا کہ ٹیرف میں اضافے سے نہ صرف لوکلائزیشن کے شیڈول میں خلل پڑے گا بلکہ پاکستان سے موبائل فونز کے برآمدی اہداف پر بھی منفی اثر پڑے گا۔
ادھر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے وضاحت کی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے موبائل فونز پاکستان لانے پر ٹیکس اور اُس کی پی ٹی اے سے تصدیق کی شرط ختم نہیں کی گئی ہے۔
گذشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مسلسل یہ پوسٹ کیا جا رہا تھا کہ وزیراعظم نے موبائل ہینڈ سیٹس پر ایف بی آر ٹیکس ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔