ملکی تاریخ کا ایک اور تاریخی دن، اسٹاک مارکیٹ نے 59 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرلی

03:11 PM, 24 Nov, 2023

احمد علی
کراچی: معیشت میں بہتری کے اثرات نظر آنے لگے، پاکستان سٹاک مارکیٹ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز ایک اور تاریخ رقم ہوگئی،کاروبار کے آغاز پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 498 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ سٹاک مارکیٹ میں 306 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 100 انڈیکس 59 ہزار398 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ کاروباری روز کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں 701 پوائنٹس اضافے کے بعد 100 انڈیکس 58 ہزار 900 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔ دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں بھی اضافے کا سلسلہ برقرار ہے۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 23 پیسے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 285 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ کاروباری دن کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 285 روپے 27 پیسے پر بند ہوا تھا۔
مزیدخبریں