میرا قتل ہوا تو شوٹر فلپائنی صدر ،اہلیہ اور اسپیکر کو قتل کردیگا، نائب صدر

12:33 PM, 24 Nov, 2024

ویب ڈیسک :فلپائن کی نائب صدر سارہ دوتیرتے نے  سرعام دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ  اگر انہیں قتل کیا گیا تو شوٹر کو  سپاری دیدی ہے کہ   فلپائنی صدرمارکوس ، ان کی اہلیہ اور ایوانِ نمائندگان کے سپیکر کو قتل کر  دیا جائے۔

 رپورٹ کے مطابق اس دھمکی کےبعد فلپائن کی صدارتی سکیورٹی کمانڈ نے فوری طور پر  صدرمارکوس جونئیر کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا اور نائب صدر کی جانب سے دی جانے والی اس دھمکی کو قومی سلامتی کا مسئلہ قراردیا ہے۔

ایگزیکٹو سکریٹری لوکاس برسامین نے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر کے خلاف "فعال خطرے" کی بنا پر ایلیٹ صدارتی گارڈز فورس کو متحرک کردیا ہے۔ البتہ یہ فوری طور پر واضح نہیں ہے کہ نائب صدر کے خلاف کیا کارروائی کی جائے گی۔

سیکورٹی فورس نے کہا کہ وہ "قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہم آہنگی سے کام کر رہی ہے تاکہ صدر اور ان کے قریبی خاندان کے لیے کسی بھی اور تمام خطرات کا پتہ لگایا، روکا اور ان کا دفاع کیا جا سکے۔"

مارکوس اور دوتیرتے نے مئی 2022 کے انتخابات میں ساتھ ساتھ حصہ لیا اور دونوں نے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی۔

تاہم دونوں رہنماؤں اور ان کے کیمپوں کے درمیان اہم معاملات پر تیزی سے تلخیاں پیدا ہو گئیں جن میں متنازعہ جنوبی بحیرۂ چین میں چین کے جارحانہ اقدامات کے بارے میں ان کا اختلافی نکتۂ نظر شامل تھا۔ دوتیرتے نے جون میں سیکریٹری تعلیم اور بغاوت مخالف تنظیم کی سربراہ کی حیثیت سے مارکوس کی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

اپنے صاف گو والد اور سابق صدر روڈریگو ہی کی طرح نائب صدر دوتیرتے، مارکوس، ان کی اہلیہ لیزا آرنیٹا-مارکوس اور ایوان کے سپیکر اور صدر کے حلیف اور کزن مارٹن رومالدیز کی سخت ناقد بن گئیں۔ انہوں نے ان تمام افراد پر بدعنوانی، نااہلی اور اپنے خاندان اور قریبی حامیوں پر سیاسی طور پر ظلم و زیادتی کرنے کا الزام لگایا۔

ان کا تازہ ترین تنازعہ ان کی چیف آف سٹاف زلیخا لوپیز کو حراست میں لینے کے فیصلے سے شروع ہوا۔ ان پر نائب صدر اور سیکریٹری تعلیم کے طور پر بجٹ کے ممکنہ غلط استعمال کے بارے میں کانگریس کی تحقیقات میں خلل پیدا کرنے کا الزام تھا۔

 لوپیز کو بعد میں بیمار پڑنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

46 سالہ وکیل سے جب ان کی سکیورٹی کے حوالے سے خدشات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ انہیں قتل کرنے کا ایک غیر واضح منصوبہ تھا۔ "میری حفاظت کے بارے میں فکر مت کریں کیونکہ میں نے کسی سے بات کر رکھی ہے۔ میں نے کہہ دیا ہے کہ 'اگر مجھے قتل کر دیا جائے تو آپ بی بی ایم، لیزا آرنیٹا اور مارٹن رومالدیز کو ختم کر دیں گے۔ اور یہ ہرگز کوئی مذاق نہیں۔'' 

تعزیراتِ فلپائن کے تحت کسی شخص یا اس کے خاندان کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دینا جرم ہے جس کی سزا قید اور جرمانہ ہے۔

نائب صدر دوتیرتے موجودہ صدر مارکوس کے پیشرو روڈریگو دوتیرتے کی بیٹی ہیں جن کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت انسانیت کے خلاف ممکنہ جرم کے طور پر تحقیقات کر رہی ہے۔ 

 یادرہےانہوں نے شہر کے میئر اور بعد میں صدر کی حیثیت سے پولیس کے ذریعے منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تھا جس کے نتیجے میں منشیات کے الزام میں زیادہ تر معمولی مشتبہ افراد کو جرائم پیشہ افراد کا ایک "قاتل دستہ’’ کے ذریعے ہزاروں کی تعداد میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔

مزیدخبریں