ویب ڈیسک : بابا صدیقی قتل معاملے میں ممبئی پولیس کو ایک اور بڑی کامیابی ملی ہے۔ ممبئی پولیس نے پونے سے مزید تین ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ جس کے بعد اب تک کل ہونے والی گرفتاریوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کیتھل سے گرفتار ہونے والے ملزم کی عمر صرف 29 سال ہے اور اس کا نام امت ہسام سنگھ کمار بتایا گیا ہے۔ وہ اس معاملے میں 11 واں ملزم ہے۔ اس سے پہلے کیتھل کے رہنے والے شوٹر23 سالہ گرمیل سنگھ کو پولیس نے ممبئی میں موقع سے گرفتار کیا تھا۔ گرمیل کے ساتھ 19سالہ دھرم راج راجیش کشیپ کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بابا صدیقی پر تین شوٹروں نے فائرنگ کی تھی۔ ان میں سے ایک شیوکمار عرف شیوا ابھی تک مفرور ہے۔
بابا صدیقی کے قتل معاملے میں ممبئی کرائم برانچ کے ایک افسر نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ قتل سے چند دن پہلے گولی چلانے والوں نے سوشل میڈیا سے، ریکی کر کے اور بینرز وغیرہ دیکھ کر مقتول بابا صدیقی کے متعلق جانکاری اکٹھا کی تھی۔
ممبئی کرائم برانچ کی تحقیقات میں مزید انکشاف ہوا ہے کہ بابا صدیقی کے قتل میں استعمال ہونے والے ہتھیار راجستھان کے ادے پور سے ممبئی لائے گئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ ہتھیار دینے اور لینے والے دونوں ایک دوسرے سے ناواقف تھے۔ کرائم برانچ کے مطابق بابا صدیقی قتل کے ملزم رام قنوجیا اور بھگونت سنگھ ادے پور میں ہتھیار لینے گئے تھے ۔
واضح رہے کہ بابا صدیقی کے قتل کی ذمہ داری لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کی تھی۔