توہین رسالت پر احتجاج ، اترپردیش میں درجنوں بھارتی مسلمان گرفتار

01:46 PM, 24 Oct, 2024

  ویب ڈیسک :ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر کے قصبہ بوڑھانہ میں  توہین رسالت  کے حوالے سے سوشل میڈیا  پوسٹ کے خلاف احتجاج کرنے پر پولیس نے  درجنوں  بھارتی مسلمانوں  کو گرفتار کر لیا۔

 رپورٹ کے مطابق اترپردیش پولیس نے مظاہرے میں شرکت کرنے والوں پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 19 لوگوں کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ گرفتار کیے گئے مظاہرین میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے نگر صدر اور آل انڈیا مجلس تدو المسلمین کے یوتھ ضلع صدر بھی شامل ہیں۔

مظفر نگر ایس ایس پی ابھیشیخ سنگھ نے پولیس کارروائی کے سلسلے میں ایک پریس کانفرنس تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 'ماحول خراب کرنے کے لیے اب تک مجموعی طور پر 19 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں ایم آئی ایم کے مقامی رہنما بھی شامل ہیں۔' پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید مظاہرین کی گرفتاری ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ چند دن قبل مظفر نگر میں سوشل میڈیا فیس بک پر کیے گئے متنازع پوسٹ سے ناراض  سینکڑوں  مسلمان بھارتی  شہریوں  نے بڈھانہ قصبہ مین روڈ بلاک کر کے احتجاج شروع کر دیا تھا۔ مظاہرین قابل اعتراض پوسٹ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس دوران پولیس افسران نے موقعے پر پہنچ کر مظاہرین کو سمجھایا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور یقین دہانی کرائی کہ اس کے اوپر سخت ترین کاروائی کی جائے گی۔ مگر اسی کے ساتھ پولیس نے 700 نامعلوم مظاہرین پر بھی ماحول بگاڑنے کے الزام میں کیس درج کر لیا جس کے تحت اب گرفتاری عمل میں لائی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں