افغانستان میں مشترکہ حکومت، قریشی کی بلنکن سے ملاقات
05:29 AM, 24 Sep, 2021
نیو یارک ( ویب ڈیسک ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی امریکہ میں اپنے ہم منصب انٹونی بلنکن سے اہم ملاقات ،افغانستان میں وسیع البنیاد حکومت کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ افغا نستان کو عالمی برادری کی طرف سے اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا اور ایسی غلطی نہیں دہرائی جائے گی،انٹونی بلنکن نے افغانستان سے امریکی شہریوں کے محفوظ انخلا پر پاکستان کی کاوشوں کو سراہا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمو د قریشی کی نیو یارک میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے پہلی بار اہم ترین ملاقات ہوئی ہے، ملاقات کے بعد امریکہ کی طرف سے اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے، شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی مظالم پر مشتمل ”ڈوزیر“ بھی پیش کیا اور انہیں وہاں پر ہونے والی ناانصافی سے آگاہ کیا، یہ اہم ترین ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہی۔ https://twitter.com/SMQureshiPTI/status/1441110737414332417 وزیر خارجہ نے ملاقات کے دوران کہا کہ افغان سرزمین کو دہشت گردوں سے بچانے کیلئے وہاں پر مشترکہ حکومت ہی قائم ہونی چاہئے، وسیع البنیاد حکومت سے ہی وہاں پر دہشت گردوں کو روکا جا سکتا ہے۔ مزید برآں جاپانی ہم منصب سے ایک اہم ملاقات میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کا قیام خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ضروری ہے کہ عالمی برادری افغانوں کی معاونت کو یقینی بنائے، وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے شواہد پر مشتمل "ڈوزیر" جاپانی ہم منصب کو بھی پیش کیا۔