اسلام آباد(پبلک نیوز) غریبوں، مزدوروں، بے سہارا افراد کے لئے قائم پناہ گاہوں میں معیاری سہولیات کے لئے بڑا اقدام، اب پناہ گاہوں میں فائیو اسٹار ہوٹل جیسی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، معاہدہ طے پا گیا.
احساس اور سیرینا ہوٹل انتظامیہ کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط وزارت تخفیف غربت میں ہوئے، تقریب میں معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ایم۔ڈی بیت المال ظہیر عباس کھوکھر نے شرکت کی، سی ای او سیرینا جنوبی اور وسطی ایشیا عزیز بوتانی، ڈاکٹر معین الدین اور ایڈیشنل سیکریٹری کیپٹن ر سوید نواز بھی تقریب میں شریک ہوئے. سیرینا ہوٹل کا عملہ اسلام آباد کی پانچ پناہ گاہوں میں خدمت کی نگرانی کرے گا .
فائیو اسٹار ہوٹل، پناہ گاہوں میں مزدور کے کھانے کی تیاری سے کھانے کی فراہمی کی نگرانی کرے گا، پناہ گاہوں میں کچن، ڈائننگ ہال،برتنوں کی صفائی کا معیاربھی فائیو اسٹار جیسا ہوگا، سونے کے کمرے، بستر، واش روم کی صفائی کا معیار برقرار رکھنے میں فائیواسٹار ہوٹل کی معاونت ہوگی. احساس اور سرینا ہوٹل کا عملہ وزارت تخفیف غربت کی چھتری تلے کام کریں گے.
سیرینا ہوٹل پناہ گاہوں میں خدمات کا معیار بلند کرنے میں معاونت بلامعاوضہ فراہم کرے گا . اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ پناہ گاہوں میں بہترین سہولیات باوقارانداز میں فراہم کی جائیں گی ، مفاہمتی یاداشت کا مقصد اسلام آباد کی پناہ گاہوں میں خدمات کے معیار کے لئے تعاون کو بڑھانا ہے. مفاہمتی یاداشت احساس پناہ گاہوں کی جامع حکمت عملی کا اہم حصہ ہے.
اس موقع پر سی ای او سیرینا جنوبی اور وسطی ایشیا عزیز بوتانی نے کہا سرینا ہوٹل پناہ گاہوں کے عملے کو پناہ گاہ پر خدمات کی تکنیکی تربیت فراہم کرے گا، پناہ گاہوں میں سروس کی نگرانی کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی.