ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کا عندیہ دیدیا
09:41 AM, 24 Sep, 2021
چاگوا راماز( ویب ڈیسک ) پا کستانی کرکٹ شائقین کیلئے بہت بڑی خوشخبری، ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا امکان ، کرکٹ بورڈ نے عندیہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان کا دورہ مکمل کئے جانے کا امکان ہے مگر اس سے قبل ضروری عوامل کا جائزہ لیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ اور بعد ازاں انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی طرف سے سیریز منسوخ کرنے کے اعلان کے بعد آخر کار ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے سپورٹس مین سپرٹ اور کرکٹ سے محبت کا حق ادا کرتے ہوئے عندیہ دیدیا ہے کہ ضروری عوامل کا جائزہ لینے کے بعد پاکستان کادورہ کیا جا سکتا ہے۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے سی ای او مائیکل مورہیڈنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان سمیت کسی بھی ملک میں سیریز کھیلنے کی کمٹمنٹ پوری کرنے کا ارادہ ہے ، مگر ٹورز سے قبل تمام عوامل کا جائزہ لیا جائے گا اور تمام ضروری مراحل کو پورا کیا جائے گا، ہماری ویمن اور مین کرکٹ ٹیمیں اس سے قبل کئی بار پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 21 ستمبر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او وسیم خان نے ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے ہم منصب سے ان کے دسمبر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بات چیت کی تھی ، جس کے بعد اب ان کی طرف سے ایک بیان جاری کر دیا گیا ہے۔