کورونا ویکسین کا جعلی اندراج، 16گرفتار، 12مقدمات درج

01:06 PM, 24 Sep, 2021

شازیہ بشیر
لاہور ( پبلک نیوز) کورونا ویکسین کا جعلی اندراج کرنے والوں کے خلاف کارروائی، آٹھ شہروں میں 16افراد کو گرفتار اور 12مقدمات درج۔ تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔ کورونا وباء کی صورتحال، ہسپتالوں میں طبی سہولیات اور ویکسینیشن کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا ویکسین کا جعلی اندراج کرنے والوں کے خلاف کارروائی جا ری ہے۔ آٹھ شہروں میں 16افراد کو گرفتار اور 12مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ سیالکوٹ، وہاڑی، رحیم یار خان، لودھراں، لاہور، فیصل آباد، چنیوٹ اور ملتان میں کارروائی کی گئی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ویکسیئن کا جعلی اندراج کرنیوالے کسی رعائیت کے مستحق نہیں۔ کورونا ویکسینیشن مہم ایک قومی مقصد ہے۔ ڈویژنل کمشنرزویکسیئن کے اہداف کا حصول یقینی بنائیں۔ غیر معمولی حالات میں فرائض کی انجام دہی کیلئے زیادہ محنت سے کام کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افسران قومی مقصد کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کریں۔ اعداد وشمار سے ثابت ہوتا ہے ویکسین کورونا کیخلاف انتہائی موثر ہے۔ ہسپتالوں میں داخل 79فیصدمریض غیر ویکسیئن شدہ ہیں۔ چیف سیکرٹری نے ویکسیئن کی اہمیت اور افادیت بارے آگاہی بڑھانے کی ہدایت کی۔ کامران علی افضل نے مزید کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے باعث ہونے والے معاشی نقصانات سے بخوبی آگاہ ہے۔ این سی او سی کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں کاروباری سرگرمیوں کیلئے پابندیوں میں نرمی کی جائے گی۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے بتایا کہ روزانہ اوسط پانچ لاکھ17ہزار سے زائد افراد کو ویکسیئن لگائی جا رہی ہے۔ اب تک صوبے میں تین کروڑ16لاکھ افراد کو پہلی ڈوز لگائی جا چکی ہے۔ ایک کروڑ10لاکھ افراد کو ویکسیئن کی دونوں خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔ لاہور، سرگودھا اور مظفر گڑھ میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح آٹھ فیصد سے زیادہ ہے۔ سیکرٹری اطلاعات، سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ، سی سی پی او لاہور اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ تمام ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعہ شریک ہوئے۔
مزیدخبریں