جن ماحولیاتی چیلنجزکا سامنا ہے،پاکستان اس کا سبب نہیں،وزیراعظم
05:14 AM, 24 Sep, 2022
نیویارک: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوئی نہیں سمجھ سکتا کہ ہم کس وقت سے گزر رہے ہیں انہوں نے عالمی برادری سےسیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کی، وزیراعظم نے کہا کہ جن ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے،پاکستان اس کا سبب نہیں ہے۔ تفصلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کا آغاز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے قرآن پاک کی آیات سے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کی تباہی کی فرسٹ ہینڈ معلومات آپ تک پہنچانے آیا ہوں، 40 دن اور 40 رات بارش اور سیلاب متواتر آتے رہے ہیں ، موجودہ سیلاب کے باعث ہمارے 1500 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے ، آج بھی ملک کا بڑا حصہ سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے خواتین اور بچوں سمیت 3 کروڑ30 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں اس طرح کی قدرتی آفت کو پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا، ماحولیاتی مسائل کی وجہ سے پاکستان شدید متاثر ہو رہا ہے، ہمیں جن مسائل کا سامنا ہے اس کا سبب ہم نہیں ہیں، ہمارے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، جنگلات جل رہے ہیں اور ان سب کے ساتھ ہمیں ماسٹر مون سون کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ انہوں ںے کہا کہ 650 عورتوں نے سیلاب میں بچوں کو جنم دیا، میرا دل اور دماغ اس وقت بھی پاکستان میں ہے جو سیلاب سے متاثر ہے، مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے میں کسی سیلاب سے متاثرہ علاقے کا دورہ کر رہا ہوں، سیلاب کی وجہ سے لوگوں کو جانی ومالی نقصان اٹھانا پڑا ہے، میں خود ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گیا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کرنے پر میں یو این سیکریٹری جنرل کا شکر گزار ہوں، انتونیو گوتریس نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین کے ساتھ وقت گزارا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری کومتاثرین کی بحالی اوردوباہ آبادکاری کے لئےپاکستان کی مددکرناہوگی، ماحولیاتی مسائل سے پاکستان شدیدمتاثرہو رہاہے،دنیامیں جوکاربن فضامیں بھیجی جارہی ہے،پاکستان کااس میں ایک فیصدحصہ بھی نہیں ہے۔