سب سے زیاد ہ پھانسیاں دینے والے ممالک کونسے ہیں؟

11:50 AM, 25 Apr, 2021

حسان عبداللہ

سعودی عرب، مصر، ایران، چین اور عراق ان ممالک میں شامل ہیں جنہوں نے سن 2020ء میں سب سے زیادہ سزائے موت سنائیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ مشرق وسطی کے چار ممالک 2020 میں دنیا کے پانچ بڑے پھانسی دینے والے ملکوں میں شامل ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیم کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سزائے موت پانے والے 483 افراد میں سے 88 فیصد کا تعلق ایران، مصر، عراق اور سعودی عرب سے ہے۔ تنظیم نے الزام لگایا کہ کوویڈ 19 کی وبا کے چیلنجوں کے باوجود ان ممالک نے لوگوں کو مارنے کے لئے "ظالمانہ اور خوفناک عزم" کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ چین ہر سال ہزاروں افراد کو پھانسی دیتا ہے، لیکن اس کے متعلق اعداد و شمار حتمی نہیں ہیں، کیونکہ یہ اعداد و شمار سامنے نہیں آتے۔ چین دنیا میں سب سے زیادہ پھانسیاں دینے والا ملک ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سزائے موت کے استعمال سے متعلق اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا کہ مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں پھانسیوں کی کل تعداد رواں سال 2019 کے مقابلے میں 579 سے کم ہو کر 437 ہو گئی۔ اس کمی کی وجہ زیادہ تر سعودی عرب میں پھانسیوں کی شرح میں 85٪ کمی ہے، کیونکہ وہاں 27 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اور عراق میں کمی 50٪ تھی، جہاں 45 پھانسیاں ہوئیں۔

اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مصر میں 300 فیصد اضافہ ہوا کیونکہ یہاں 107 افراد کو پھانسی دی گئی، اور اس طرح مصر دنیا کا تیسرا سب سے زیادہ پھانسیاں دینے والا ملک بن گیا ہے۔ ان میں سے 23 افراد کو سیاسی تشدد سے متعلق مقدمات میں سزا سنائی گئی، ان مقدمات کو ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سراسر ناانصافی قرار دیا ہے۔ کم از کم 246 افراد کو سزائے موت دینے والا ایران چین کے بعد دنیا میں دوسرے نمبر پر رہا۔

ایمنسٹی نے کہا کہ ایرانی حکام سزائے موت کو "سیاسی جبر کے ہتھیار" کے طور پر بدعنوانیوں، مظاہرین اور نسلی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والوں کا مقابلہ کرنے کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ ایمنسٹی نے الزام لگایا ایران نے بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 3 ان افراد کو بھی سزائے موت دی جو 18 سال سے کم عمر کے تھے۔

سعودی عرب میں ایک سرکاری ایجنسی نے سزائے موت پر عمل درآمد میں تیزی سے کمی کو "منشیات سے متعلق جرائم کی سزائے موت کی معطلی" قرار دیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل میں مشرق وسطی کی ڈائریکٹر ہیبا مورائف نے کہا کہ خطے کے ممالک نے "اس سال کے دوران بھی لوگوں کو جان سے مارنے کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ایک ظالمانہ اور خوفناک عزم کا مظاہرہ کیا ایسے وقت میں جب دنیا کے بیشتر ممالک نے جان لیوا وائرس سے لوگوں کی جانوں کو بچانے پر توجہ دی۔"

مزیدخبریں