کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد، سندھ نے بھی فوج طلب کر لی

03:15 PM, 25 Apr, 2021

احمد علی

کراچی: پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے۔ عالمی وبا کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت نے ملک میں فوج کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا جس پر سندھ کے علاوہ دیگر تین صوبوں نے ہاں میں ہاں ملائی۔

اب سندھ حکومت نے بھی پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔ صوبائی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے کے لیے خط لکھا۔

خط کے متن کے مطابق کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ایس او پیز پر عمل در آمد کے لیے پاک فوج کی خدمات درکار ہیں تاکہ سول انتظامیہ کو معاونت مل سکے۔ حکومت سندھ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ سازو سامان اور فوجیوں کی تعیناتی کے بارے میں مشاورت کی جائے گی، جس سے متعلق آگاہ کر دیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ ہم کورونا کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اگر صورتحال مزید بگڑی تو مکمل لاک ڈاؤن کی طرف جائیں گے۔ واضح رہے کہ آج سندھ میں کورونا کے 6 مریض جاں بحق ہوئے۔

مزیدخبریں