سیکورٹی ایجنسیز نے بتایا کہ کوئی غیر ملکی سازش نہیں ہے

11:34 AM, 25 Apr, 2022

احمد علی
لاہور ( پبلک نیوز ) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکورٹی ایجنسیز نے بتایا کہ کوئی غیر ملکی سازش نہیں ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کی بریفنگ کے دوران ایک سوال ہوا کہ اسد مجید کے مراسلہ کے حوالے سے نیشنل سیکورٹی کمیٹی اجلاس کے بعد بہت کنفیوژن ہے،جس پر ترجمان دفتر خارجہ نے جواب دیا کہ نیشنل سیکورٹی کمیٹی میں ہونے والی ڈسکشن کو بھی دیکھنا ہوگا، اس حوالے سے این ایس سی کے دونوں اجلاسوں میں کوئی کنفیوژن نہیں ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں اجلاسوں میں جو کچھ کہا گیا وہ بہت کافی ہے، اسد مجید کے حوالے سے میڈیا میں چلنے والی خبریں مکمل طور پر بے بنیاد تھیں، اور ہیں، کمیٹی اجلاس میں سفیر اسد مجید پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا اور کسی سفیر پر دباؤ نہیں ڈالا جاسکتا ۔ ترجمان نے کہا کہ مراسلے کو کسی سے بھی چھپانے کی بات غلط ہے۔ مراسلہ ملنے کے ساتھ ہی متعلقہ حکام کو بھجوا دیا گیا۔ امریکی خط کے حوالے سے متعلقہ حکام کو طلب کر کے جو کہا گیا وہ منظر عام پر لانا مناسب نہیں ہے ، پاکستان اپنے مفادات کا تحفظ کرنے اور ملک کی حفاظت کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے سازش کے بیانیہ کی نفی کی ہے ، اب ہمیں پاکستان کے وسیع تر مفاد میں آگے بڑھنا چاہیے ، نیشنل سیکورٹی کمیٹی کے اعلا میے سے واضح ہے کہ انہوں نے کمیٹی کو بریف کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سفیر اسد مجید سے انکوائری کا کوئی سوال ہی نہیں تھا ، اسد مجید نے واشنگٹن میں اپنی مدت سفارت مکمل کی ، اب وہ برسلز میں اپنے ایگریما کی منظوری کا انتظار کر رہے ہیں،اسد مجید اپنی نئی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔
مزیدخبریں