ویب ڈیسک: ملک بھر میں ایک بار پھر جان بچانے والی ادویات کی قلت ہوگئی، انسولین سمیت 27 اہم ادویات میڈیکل اسٹورز پر دستیاب نہیں۔
ڈرگ انسپکٹر سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں انسولین سمیت 27 اہم ادویات میڈیکل اسٹورز پر دستیاب نہیں ہیں اور سیکرٹری صوبائی ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ سندھ سید عدنان رضوی نے خط لکھ کر پورے صوبے کے ڈرگ انسپکٹرزکو عدم دستیاب ادویات کا سروے کرنے کا حکم دیا ہے۔
حکام کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی 30 اہم ادویات مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ عدم دستیاب ادویات میں اینٹی بائیوٹکس، نفسیاتی و دماغی امراض اور دمے کی ادویات شامل ہیں جبکہ ٹیٹنس کے انجیکشن اور مختلف اقسام کے انہیلرز کی بھی شدید قلت ہے۔
دوسری جانب ڈریپ حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں ادویات کی کوئی بڑی قلت نہیں، سپلائی چین کے مسائل ہو سکتے ہیں۔
ڈریپ حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ہفتہ وار بنیاد پر ادویات کی موجودگی کا سروے کراتے ہیں، انسولین وافر مقدار میں موجود ہے اور مریضوں کو دستیاب بھی ہے، انسولین کی قلت کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔