(ویب ڈیسک ) طالبان حکومت نے مشرقی افغانستان کے صوبہ خوست میں تین ریڈیو سٹیشنوں کے رپورٹروں کو موسیقی بجانے اور خواتین سامعین سے رابطہ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
سینٹر آف افغان جرنلسٹس نے ایک بیان میں اس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے برائی کی روک تھام کے محکمے سے کہا کہ گرفتار افراد کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔
سینٹر کے اعلامیے میں کہا گیا کہ ’ناز ریڈیو کے صحافی اسماعیل سعادت، اقرا ریڈیو کے صحافی وحید اللہ معصوم اور اولس غگ ریڈیو (عوام کی آواز) کے صحافی احسان اللہ تسل کو مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے دفتر طلب کیا گیا جہاں انہیں گرفتار کر لیا گیا۔‘
صوبہ خوست میں ایک صحافی نے افغانستان جرنلسٹ سینٹر کو گرفتاری کے بارے میں بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تینوں صحافیوں کو اسی دن دوپہر ڈیڑھ بجے خوست سکیورٹی کمانڈ میں منتقل کیا گیا اور تب سے انہیں حراست میں رکھا گیا ہے۔