وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ازبک صدر سے ملاقات
03:55 PM, 25 Aug, 2021
تاشقند ( پبلک نیوز) پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزا ایوف کے درمیان ملاقات، وزیر خارجہ نے ازبک صدر کو وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہء ازبکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ازبک صدر شوکت مرزا ایوف نے وزیر خارجہ کو ازبکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ ازبک صدر نے کہا کہ ازبکستان پاکستان کے ساتھ دو طرفہ مراسم کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ ازبکستان، پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص ٹرانسپورٹ اور رابطہ سازی (Connectivity) کے حوالے سے دو طرفہ تعاون کے فروغ کا متمنی ہے۔ وزیر خارجہ نے ازبک صدر کو افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے افغان قیادت، اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیہ کی جانب بڑھے گی تاکہ خطہ میں مضبوط تجارتی و اقتصادی روابط کی راہ ہموار ہو سکے۔ ازبک صدر نے اس بات سے اتفاق کیا کہ افغانستان میں قیام امن سے خطے میں تجارت، معیشت اور روابط میں بہتری کے امکانات پیدا ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ اگلے ماہ دوشنبے، تاجکستان میں متوقع شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان خان کے ساتھ ملاقات کے منتظر ہیں۔ واضح رہے کہ وزیر خارجہ کا یہ چار ملکی دورہ، افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں علاقائی سطح پر مشاورت کے ذریعہ متفقہ لائحہ عمل تشکیل دینے کی عملی کوششوں کا حصہ ہے۔