فیس بک نے میسنجر ایپ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے؟
04:04 PM, 25 Aug, 2021
ویب ڈیسک: فیس بک میسنجر ایپلی کیشن ہر اس صارف کو پتہ ہو گی جس نے فیس بک ایپ انسٹال کر رکھی ہے۔ لیکن صارفین کو یاد ہو گا کہ کچھ سال پہلے تک میسنجر نام کی کوئی ایپلی کیشن صارفین کے لیے الگ سے موجود نہیں تھی۔ فیس بک نے پیغام رسانی کے لیے الگ ایپلی کیشن متعارف کرائی اور صارف کو مجبور کیا گیا کہ اگر وہ میسج کرنا چاہتے ہیں تو الگ ایپلی کیشن انسٹال کریں۔ مجبوری کا نام شکریہ! صارفین نے میسنجر ایپ انسٹال کی۔ کمپنی انتظامیہ کو کچھ سالوں بعد یہ سمجھ آیا کہ اپنے صارفین کو مجبور کرنا غلط تھا۔ لہذا اب میسنجر ایپ کے جھنجھٹ سے چھٹکارہ دلاتے ہوئے دوبارہ فیس بک ایپلی کیشن میں آڈیو اور ویڈیو کال کی سہولت شامل کی جائے گی۔ یہ انکشاف بلوم برگ کی ایک رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ یعنی اب صارفین مرکزی ایپ پر رہتے ہوئے آڈیو، ویڈیو کالز کر سکیں گے۔ تاہم فیس بک پر چیٹ کرنے کے لیے صارفین کو میسنجر کا سہارا لینا پڑے گا۔ فیس بک کے ڈائریکٹر آف پروڈکٹ برائے میسنجر کونر ہیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ تبدیلیاں ابتدائی طور پر امریکہ کے اندر چند صارفین کو دینے لگے ہیں، دنیا کے دیگر صارفین کو یہ سہولت دینے ابھی وقت لگے گا۔