عمران خان حکومت 13 نئی پناہ گاہیں کھولے گی
05:01 PM, 25 Aug, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز) وفاقی حکومت کا ملک بھر میں 13 نئی پناہ گاہیں کھولنے کا فیصلہ، ہر پناہ گاہ میں روزانہ 5 سو افراد کو کھانا اور ایک سو افراد کو رہائش فراہم کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق احساس پروگرام کی چھتری تلے ملک بھر میں 22پناہ گاہیں پہلے سے فعال ہیں۔ ہر پناہ گاہ میں معیاری رہائش اور مینیو کے مطابق کھانا ایک ساتھ فراہم کیا جاتا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پناہ گاہوں میں معیار یقینی بنانے کے لئے نگرانی کا طریقہ کار تیار کر لیا گیا۔ پناہ گاہوں کے معیار کا تعین اور پالیسی سازی کے لیے مشاورتی کونسل بھی تشکیل دے دی گئی۔ مشاورتی کونسل میں سماجی، حکومتی و نجی شعبہ کے 16 ماہرین شامل ہیں۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیرصدارت احساس پناہ گاہوں کی مشاورتی کونسل کا پہلا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کونسل کے ممبران کو احساس کی فعال پناہ گاہوں پر بریفنگ دی گئی۔ ایم ڈی پاکستان بیت المال کونسل کے چیئرپرسن، نسیم الرحمٰن فوکل پرسن پناہ گاہ وائس چئیر پرسن ہیں۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ پناہ گاہ وزیراعظم کا ترجیحی پروگرام ہے۔ پناہ گاہوں کا مقصد مزدور افراد کو قیام و طعام کی مفت سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ممبران نے تعارفی اجلاس کے بعد اسلام آباد میں 2پناہ گاہوں کا دورہ بھی کیا