سروسز اور جناح ہسپتال میں جدید ایمرجنسی ٹاور تعمیر ہونگے

05:13 PM, 25 Aug, 2021

احمد علی
لاہور ( پبلک نیوز) بزدار حکومت کا معیاری علاج معالجے کیلئے ایک اور احسن اقدام،سروسز اور جناح ہسپتال میں جدید ایمرجنسی ٹاور تعمیر ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے لاہور کے شہریوں کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی کے لئے ایک اور احسن اقدام کرتے ہوئے سروسز ہسپتال اور جناح ہسپتال میں جدید ایمرجنسی ٹاور کی تعمیر کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ دونوں ہسپتالوں میں سٹیٹ آف آرٹ ایمرجنسی ٹاورزتعمیر ہوں گے۔ انھوں نے ہدایت کی کہ دونوں منصوبوں کو جلد سے جلد حتمی شکل دی جائے، منصوبوں سے متعلقہ امور فی الفور نمٹائے جائیں اور منصوبوں کے حوالے سے ٹائم لائن طے کر کے مز ید اقدامات کئے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ سروسز ہسپتال اور جناح ہسپتال کے نئے ایمرجنسی ٹاور عالمی معیارکے مطابق ہونے چاہئیں اور یہ دونوں منصوبے کم سے کم مدت میں مکمل کئے جائیں۔ ایمرجنسی ٹاورزبننے سے مریضو ں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں ملیں گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا انقلابی اقدام ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں ہیلتھ کیئر کے حوالے سے ایسا بہترین پروگرام کسی حکومت نے نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام سے شہریو ں کو معیاری علاج معالجہ کی سہولتیں بالکل مفت میسر آئیں گی۔ ماضی کی حکومت نے ہیلتھ کیئر کے حوالے سے دور دراز علاقوں کو یکسر نظر انداز کیا جبکہ ہماری حکومت پسماندہ علاقوں میں جدید ہسپتال قائم کررہی ہے اور عوام کو ان کی دہلیز پرمعیاری علاج معالجہ فراہم کریں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے جاری پروگرام پر پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تونسہ میں کینسر ہسپتال کی تعمیر کی تجویز پربھی غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری صحت، چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
مزیدخبریں